جدہ ۔7اگست (اے پی پی):سعودی عریبین ایئرلائنز(السعودیہ) نے سعودی عرب اور چین کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کے ایک قدم کے طور پر بیجنگ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عریبین ایئرلائنز کے ایگزیکٹیو چيئرمین کیپٹن ابراہیم الکشی نے بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام 2030 تک سالانہ100ملین سیاحوں کا ہدف پورا کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدہ اور ریاض سے بیجنگ کے لیے براہ راست پروازیں دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تعلقات کو فروغ دینے کےلیے شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ السعودیہ ہر پیر اور جمعہ کو جدہ سے بیجنگ کےلیے2پروازیں چلائے گی جبکہ ریاض سے بھی مسافر ہر اتوار اور بدھ کو بیجنگ جا سکیں گے۔ابراہیم الکشی نے کہا کہ اس اقدام سے چین اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے نئے امکانات سامنے آئیں گے۔