سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے وفد کا پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ کا دورہ، حج 2025 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

16
Saudi Ministry of Hajj and Umrah
Saudi Ministry of Hajj and Umrah

مکہ مکرمہ۔30جون (اے پی پی):سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ کا دورہ کیا اور حج 2025 کی شاندار تکمیل پر پاکستانی مشن کو مبارکباد پیش کی۔ وفد نے پاکستانی حجاج کرام کے لئے کئے گئے مثالی انتظامات اور خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تقلید قرار دیا۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی وفد میں نائب وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط، اسسٹنٹ نائب وزیر برائے حج آپریشن ایاد بن احمد رہبینی اور ڈائریکٹر جنرل حج امور ڈاکٹر بدر محمد السالمی شامل تھے۔

وفد کا پرتپاک استقبال ڈائریکٹر جنرل حج جدہ پاکستان عبدالوہاب سومرو، سینئر جوائنٹ سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور میرزا علی محسود، چیف فنانس و اکاؤنٹس آفیسر ذوالفقار خان اور ڈائریکٹر حج مکہ عزیزاللہ خان نے کیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے عہدیداران نے اس بات پر زور دیا کہ حج 2026 کے لئے بھی اسی جذبہ خدمت، باہمی ہم آہنگی اور ٹیم ورک کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا تاکہ عازمینِ حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

نائب وزیر ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط نے پاکستان حج مشن کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، مخلصانہ کاوشوں اور منظم حج انتظامات کی کھل کر تعریف کی اور عبد الوہاب سومرو کو لبیتم ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ پاکستانی حجاج کی خدمت کے لئے جو اقدامات کئے گئے، وہ لائقِ تحسین ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی آمد کو باعثِ اعزاز قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی رہنمائی اور مسلسل تعاون ہمارے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان اس شراکت داری کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ملاقات کے اختتام پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے سعودی وفد کے اعزاز میں یادگاری شیلڈ پیش کی، جس کا مقصد نہ صرف ان کی آمد کا خیرمقدم کرنا تھا بلکہ مستقبل میں باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی تھا۔