سعودی وزیر توانائی سے جرمن وزیر مملکت جینیفر مورگن کی ملاقات،ماحول دوست توانائی میں تعاون پر تبادلہ خیال

168

ریاض۔11جولائی (اے پی پی):سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے جرمن وزارت خارجہ میں وزیر مملکت اور بین الاقوامی کلائمٹ ایکشن کی خصوصی ایلچی جینیفر مورگن نے ریاض میں ملاقات کی اور ماحول دوست توانائی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرا نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، پیرس معاہدے اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کے اہداف کے حصول کےلیے توانائی اور صاف ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں قابل تجدید توانائی، ماحول دوست توانائی کی ٹیکنالوجیز، صاف ہائیڈروجن، توانائی کی کارکردگی اور اخراج کے انتظام کے شعبے میں مملکت کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا جو سعودی عرب اور مشرق وسطی گرین انیشیٹو سمیت مقامی اور علاقائی اقدامات کے ذریعے توانائی کی منتقلی کی قیادت کرنے کے اقدامات کا حصہ ہے۔