سعودی وزیر خارجہ کا سویڈن کے ہم منصب سے رابطہ، قرآن کی بے حرمتی پر سعودی موقف کا اعادہ

142
Saudi Foreign Minister
Saudi Foreign Minister

ریاض۔29جولائی (اے پی پی):سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے سویڈن کے ہم منصب ٹو بیاس بلسٹروم سے ٹیلی فون پر رابطے میں سعودی عرب کی طرف سے قرآن کی بے حرمتی کی تمام کوششوں کو مکمل طور پر مسترد کرنے اور سویڈن سے انتہاپسندانہ کارروائیوں کو روکنے کےلیے فوری اقدامات کے مطالبے کو دہرایا ہے۔

سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ قرآن کے نسخوں کو بار بار جلائے جانے کے واقعات نفرت کو ہوا دینے، افراد اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی کوششوں کو محدود کررہے ہیں۔اس موقع پر سویڈن کے وزیر خارجہ نے قرآن کو جلانے کے واقعات کی مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ ’سویڈن، مذاہب اور ان کی مقدس کتابوں کی بے حرمتی کی تمام کارروائیاں رکوانے کی کوشش کرے گا۔

انہوں نے اس بات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے ملک میں سویڈن کے آئین میں آزادی رائے اور اظہار رائے کے حوالے سے کھلا استحصال کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران انتہا پسندوں کی جانب سے سویڈن اور ڈنمارک میں مسلم ممالک سفارتخانوں کے سامنے قرآن کے نسخوں کو جلایا گیا ہے۔