سعودی ولی عہد کے دورہ سے پاکستان سے متعلق دنیا کو ایک اچھا پیغام جائے گا، دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کریں گے،چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف

73

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی) سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان اور ان کے دورے میں ہونے والے سمجھوتوں کے حوالے سے کہا ہے کہ ان سے پاکستان سے متعلق دنیا کو ایک اچھا پیغام جائے گا اور دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کریں گے۔ اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت کی چار اہم یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیل صاف کرنے اور پیٹروکیمیکل کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے جس پر پاکستان کی جانب سے وزارت پیٹرولیم اور سعودی عرب کی وزارت توانائی، صنعت اور معدنیاتی وسائل کی جانب سے دستخط کئے جائیں گے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر سعودی عرب کی وزارت توانائی، صنعت اور معدنیاتی وسائل اور پاکستان کے وزیر توانائی کی جانب سے دستخط کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معدنیاتی وسائل کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر وزارت پٹرولیم اور سعودی عرب کی وزارت توانائی، صنعت اور معدنیاتی وسائل کی جانب سے دستخط کئے جائیں گے۔انہوںنے کہا کہ سعودی فنڈ برائے ترقی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر فنڈ کے چیئرمین احمد عقیل الخطیب اور وزیرخزانہ اسد عمر دستخط کریں گے۔