اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) سرمایہ کاری بورڈ ( بی او آئی) کے چیئرمین ہارون شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے آئندہ دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے مابین 10 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے لئے مفاہمت کی تین بڑی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کئے جانے کی توقع ہے۔ ہارون شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی قیادت کے دورہ پاکستان پر ملک میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے 2 روزہ متوقع دورہ پاکستان کے موقع پر آئل ریفائنری، ایل این جی اور معدنیات کے شعبہ جات میں مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم او یوز کے علاوہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری اور صنعتکاروں کے مابین بھی متعدد معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی ولی عہد کے ساتھ 40 سے زائد سعودی کاروباری افراد کا ایک بڑا وفد بھی پاکستان آ رہا ہے جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی رابطوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔