سعودی کابینہ کا اجلاس، غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

139

جدہ ۔3جولائی (اے پی پی):سعودی کا بینہ نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے سیاسی اور انسانی بنیادوں پر اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک غزہ میں جنگ بندی پر زور دے رہے ہیں تاکہ وہاں بے گھر ہونے والے 20 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو امداد فراہم کی جاسکے۔

ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت جدہ میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں مملکت کے الشرقیہ ریجن اور ربع خالی میں تیل اور گیس کے سات ذخائر کی دریافت کا خیرمقدم کیا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ اس دریافت سے توانائی کی عالمی مارکیٹ میں مملکت کی قیادت کی پوزیشن مزید مضبوط ہو گی۔