ریاض۔12فروری (اے پی پی):سعودی عرب کی کابینہ نے فلسطینیوں کی بے دخلی کے حوالے سےاسرائیلی بیانات کی شدید مذمت کی ہے جن میں فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے جبری طور پر بے دخل کرنے کا کہا گیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ریاض میں ہوا جس میں عالمی اور مقامی معاملات زیر غور آئے۔ کابینہ نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب کی حکومت کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے دوریاستی حل کو خطے کے مستقل امن کی بنیاد قرار دیا۔
اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو ولی عہد کے ساتھ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ٹیلی فونک گفتگو سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ اراکین کابینہ نے مملکت اور دیگر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں ہونے والے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں کثیرالجہتی تنظیموں اور ان سے منسلک اداروں میں مملکت کے اہم کردار کا جائزہ لیا گیا اور مملکت کو بین الاقوامی ایسوسی ایشن آف اینٹی کرپشن اتھارٹیز کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب کئے جانے کو سراہتے ہوئے اسے عالمی سطح پر سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔ اجلاس میں مقامی سطح پر مختلف امور کا جائزہ لیا گیا جن میں شاہ سلمان آٹو انڈسٹری کمپلیکس کے آغاز پر مبارک باد دیتے ہوئے اسے مملکت میں تیل سے ہٹ کر ذرائع میں اضافہ قرار دیتے ہوئے بہترین اقدام قرار دیاگیا۔