سلام آباد، وزیرداخلہ کی ہدایت پر انڈر پاس کی تعمیر کا نیا ریکارڈ قائم،آئندہ ہفتے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا

144

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد میں انتہائی تیز رفتاری سے انڈر پاس کی تعمیر کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا،جناح ایونیو ایف 8 ایکسچینج چوک انٹرچینج کا انڈر پاس صرف 42 روز میں مکمل ہونے کے بعد آئندہ ہفتے ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے جناح ایونیو ایف 8 انٹرچینج منصوبے کا علی الصبح اچانک دورہ کیا اور پراجیکٹ پر پیش رفت اور تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے فلائی اوور اور انڈر پاس پر بیک وقت کام جاری رکھا جائے،اسے ریکارڈ مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے، کنسلٹنٹس اور ریذیڈنٹ انجیئنرز سائٹ پر تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔

چئیرمین کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تمام حصوں پر کام شیڈول کے مطابق تیزی سے جاری ہے، انڈر پاس کے گرڈرز کا کام تکمیل کے قریب ہے، انڈر پاس کے بیڈ کی کنکریٹ کو جلد مکمل کرلیا جائے گا، اس کے علاوہ جناح ایونیو انٹرچینج کے 74 میں سے 70 پائلز کا کام بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔