میڈرڈ۔24اگست (اے پی پی):سلووینیا کے سائیکلسٹ اور دفاعی چیمپئن پریموز راگلییچ نے ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ جیت لیا۔ چوتھے مرحلے میں کامیابی کے ساتھ ہی دفاعی چیمپئن نے سرخ جرسی پر بھی قبضہ کرلیا۔
ریس میں ڈنمارک کے سائیکلسٹ میڈس پیڈرسن نے دوسری ، ہسپانوی سائیکل سوار اینرک ماس نے تیسری ،فرانسیسی سائیکلسٹ کوئنٹن پیچر نے چوتھی اور فرانس کے ہی سائیکلسٹ پاول سیواکوف نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس سپین میں جاری ہے ۔
ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ ویٹوریاگیسٹیز سے لاگارڈیا تک 153.5 کلو میٹر پر محیط تھا جس کو32 سالہ سلووینین سائیکلسٹ پریموز راگلییچ نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام حریف سائیکل سواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔
انہوں نے مطلوبہ فاصلہ 3 گھنٹے 31 منٹ اور5سیکنڈز میں طے کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ریس کے چوتھے مرحلے میں ڈنمارک کے سائیکلسٹ میڈس پیڈرسن نے دوسری جبکہ ہسپانوی سائیکل سوار اینرک ماس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس میں کل 21 مراحل ہیں جس میں شرکت کرنے والے سائیکل سوار کل 3ہزار 280.5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔ ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس11ستمبر کو میڈرڈ ، سپین میں اختتام پذیر ہوگی۔