سماجی فاصلے اور دیگر پابندیوں کی وجہ سے فضائی سفر کے کرایوں میں اضافہ کرنا پڑا، اب پرانا کرایہ بحال ہو گیا ہے، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا ایوان بالا کے اجلاس میں جواب

59

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نے کووڈ۔ 19 کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی چارٹر طیارے بھیجے، سماجی فاصلے اور دیگر پابندیوں کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ کرنا پڑا، اب پرانا کرایہ بحال ہو گیا ہے۔ بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر جاوید عباسی، سینیٹر عثمان کاکڑ اور دیگر کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوشش کی ہے کہ کوویڈ 19 کے دوران دنیا کے مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے اس سلسلے میں خصوصی چارٹر طیارے بھی بھجوائے گئے کیونکہ ون وے ٹریفک کی اجازت تھی اور سماجی فاصلے کی وجہ سے مسافروں کی تعداد بھی کم کرنے کیلئے کہا گیا تھا اس لئے مجبوراً کرائے میں اضافہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اب پرانا کرایہ بحال ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جانے والی پروازوں کے لئے کرایہ کم کرنے کا معاملہ وفاقی وزیر ہوا بازی کے نوٹس میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں میں مسافروں کی تعداد کے حوالے سے زیادہ احتیاط کرنا پڑتی ہے اور ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال تمام پروازوں میں ضروری ہے۔