سمارٹ فونز یا آڈیو آلات کے زیادہ استعمال سے ایک ارب سے زائد افراد کی سماعت ختم ہو سکتی ہے، عالمی ادارہ صحت

85

اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) سمارٹ فونز یا آڈیو آلات کے زیادہ استعمال سے ایک ارب سے زائد افراد کی سماعت ختم ہو سکتی ہے۔ اونچی آواز میں موسیقی سننے یا سمارٹ فونز پر دیگر ایپلیکیشنز کے استعمال کی وجہ سے دنیا بھر میں 1.1 ارب افراد کی سننے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے جن میں نصف تعداد 12 تا 35 سال کے نوجوانوں کی ہے۔ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ کے مطابق اس وقت عالمی آبادی کے5 فیصد حصہ یعنی 466 ملین افراد کو سماعت کے مسائل کا سامنا ہے جن میں 34 ملن بچے بھی شامل ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق 8 گھنٹے تک 85 ڈیسیبلز یا 15 منٹس کے لئے 100 ڈیسیبلزکی آواز میں کوئی چیزسننا سماعت کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے جس سے سماعت سے مستقل محرومی کا بھی خدشہ ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے حکام نے نوجوان طبقہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک مرتبہ سننے کی صلاحیت ختم ہو جائے تو یہ واپس نہیں آسکتی اس لئے اس حوالے سے اختیاط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے نتیجہ میں مختلف آلات کے استعمال میں اضافہ ہواہے اور بالخصوص سمارٹ فونز کے بے تحاشا استعمال سے نوجوان طبقہ کی سماعت زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ سماجی مسئلہ کے خاتمہ کے لئے مشترکہ حکم عملی کے تحت اقدامات سے عوام اور بالخصوص نوجوانوں میں شعور پیداکرنے کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے۔