اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک نے سیویل، سپین میں ترقی کے لیے فنانسنگ پر منعقدہ چوتھی بین الاقوامی کانفرنس (ایف ایف ڈی 4) کے موقع پر سائیڈ ایونٹ میں شرکت کی جس کا عنوان ’’ترقی کے لیے قرض کو تبدیل کرنا: ڈی ایس سی فنانسنگ اپروچ‘‘ تھا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی شذرہ منصب علی خان کے ہمراہ شرکت کی۔
شرکا نے قرض میں ریلیف کو کلائمیٹ ریزیلینس اور ترقیاتی ترجیحات میں سرمایہ کاری کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے جدید مالیاتی طریقہ کار پر غور کیا۔ اجلاس کے دوران ڈاکٹر مصدق ملک نے کلائمیٹ ریزیلینٹ کے منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا، بالخصوص شمسی توانائی سمیت ماحول دوست توانائی کے ذرائع تلاش کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر اور دریا بطور وسائل اب بھی بڑی حد تک غیر استعمال شدہ ہیں اور یہ پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔