اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سند یافتہ جھوٹا 9 مئی کے سانحہ پر عوامی ردعمل پر مظلوم بننے کا جھوٹ گھڑ رہا ہے، یہ وہی شخص ہے جس نے انصاف کی متلاشی طیبہ گل کو اغواءکیا، چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھا، ٹھوس ثبوت کے بغیر سنگین الزامات صرف عمران خان جیسا ”میڈیا پریڈیٹر“ ہی لگا سکتا ہے۔
پیر کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ”مرد روبوٹ نہیں ہوتے“ کہنے والا اور لباس کی وجہ سے خواتین اور کمسن بچیوں پر حملوں کی وکالت کرنے والا سند یافتہ جھوٹا 9 مئی کے سانحہ پر عوامی ردعمل پر مظلوم بننے کا نیا جھوٹ گھڑ رہا ہے، یہ وہی شخص ہے جس نے انصاف کی متلاشی طیبہ گل کو اغواءکیا، وزیراعظم ہائوس میں حبس بے جا میں رکھا، اس کے دیئے گئے ثبوت پر چیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھا۔ خواتین صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی اور بدسلوکی کی انتہا کی، ان کے بارے میں کہا کہ انہیں ”مردوں میں گھسنے کا شوق ہے۔“
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے اوورسیز پاکستانیوں اور دنیا کو گمراہ کرنے کے اوچھے ہتھکنڈے بھی سائفر اور دیگر ڈراموں کی طرح فلاپ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پروپیگنڈا کرنے کی بجائے ثبوت پیش کریں ورنہ زبان بند کریں۔ عمران خان نے ثبوت کے بغیر سنگین الزامات لگائے جو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، یہ پی ٹی آئی کی بلیک میلنگ اور بے حسی کا دور نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹھوس ثبوت کے بغیر سنگین الزامات صرف عمران خان جیسا ”میڈیا پریڈیٹر“ ہی لگا سکتا ہے جو ہر روز جھوٹ بولتا ہے، جعلی وڈیوز اور فوٹوز جاری کرتا پکڑا جاتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=365827