اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 32 لاکھ 83 ہزار 696 ووٹر آج ( اتوار کو )اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،کراچی اور حیدرآباد کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے صبح 8 بجے پولنگ شروع ہو گئی ہےجو شام 5بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔الیکشن کمشن میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سندھ بلدیاتی انتخابات کیلئے 8706 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔مرد ووٹروں کے لئے 1204 پولنگ سٹیشنز،خواتین کے لئے 1170 اور مشترکہ طور پر 6332 اور 389 امپروائزڈ پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
سکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ سپیشل سیکرٹری اور سیکرٹری الیکشن کمیشن صوبائی الیکشن کمیشن دفتر سندھ سے انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم کل سے قائم ہے اور نتائج آنے تک دن رات فعال رہے گا،کسی شکایت کی صورت میں عوام اسلام آباد میں مرکزی جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر کراچی میں مانیٹرننگ و شکایت سیل میں شکایت درج کرائیں،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز اور مانیٹرنگ ٹیموں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نےکراچی و حیدرآباد کے محب وطن عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ آج بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کر جمہوریت پر اپنے اعتماد کا بھرپور اظہار کریں۔بلدیاتی انتخابات میں ووٹرز اور عوام پر امن انتخابی ماحول کو یقینی بنائیں۔ الیکشن کمیشن اس امر کو یقینی بنائےگا کہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی مداخلت اور شر پسندی سے سختی سے نپٹا جائے۔ الیکشن کمیشن ، انتخابی عملی اور امن و امان قائم کرنے والے تمام ادارے کراچی و حیدرآباد کے عوام کے اعتماد پر ضرور پورا اتریں گے۔