کراچی۔ 18 مئی (اے پی پی):سیکرٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی آغا شاہنواز خان کی ہدایت پر سندھ بھر میں ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق صوبے بھر میں مختلف فیکٹریوں، گوداموں، اسپتالوں، انرجی پلانٹس اور اسٹون کرشنگ یونٹس کی نگرانی کے بعد متعدد اداروں کو نوٹسز جاری کردئیے گئے۔
سیکریٹری ماحولیات آغا شاہنواز خان نے تمام اداروں کو احکامات جاری کئے ہیں کہ سیپا ایکٹ 2014پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے ورنہ سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے اپنی ذمہ داری نبھائیں اور ماحولیاتی معیارات پر فوری طور پر عمل کریں ورنہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں فطری ماحول کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور قانون شکنی کرنے والے اداروں کو ہر صورت دائرے میں لایا جائے گا۔سیپا ریجنل آفس شہید بینظیرآباد اور ضلعی دفتر سانگھڑ کی ٹیم نے تعلقہ کھپرو میں کپاس کی فیکٹریوں، پولٹری شیڈز اور کھاد کے گوداموں میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پرہدایات دیتے ہوئے نوٹس جاری کردئیے۔ دوسری جانب تعلقہ ٹنڈوآدم میں یونائیٹڈ انرجی پاکستان اور پیٹرو ویسٹ یارڈ کو ماحولیاتی مینجمنٹ پلان اور ویسٹ مینجمنٹ پلان فوری جمع کرانے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔
ادھر ریجنل آفس حیدرآباد اور ضلعی دفتر ٹھٹھہ کی ٹیم نے دھابیجی اور ٹھٹھہ میں آئس فیکٹریز کو پانی کے معیار اور ایس ای کیوز کی خلاف ورزی پر وارننگز جاری کیں جبکہ ٹنڈوالہیار میں ضلعی اسپتال کا دورہ کرکے اسپتال ویسٹ مینجمنٹ رولز کی خلاف ورزی پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کردیا گیا۔ اس کے علاوہ حیدرآباد ریجن کی ٹیم نے ٹنڈو محمد خان بائی پاس پر بغیر ماحولیاتی اقدامات کے چلنے والے اسٹون کرشنگ یونٹس پر چھاپے مارے اور ماحولیاتی آلودگی پر نوٹسز زجاری کئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598490