اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں علاج کی مفت سہولت کے لئے ہیلتھ کارڈ سکیم شروع کی گئی ہے، سندھ حکومت بھی تعاون کرے اور سیاست کو بیچ میں نہ لائے تاکہ سندھ کے شہریوں کو بھی علاج کی مفت سہولت مل سکے۔
جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر سیمی ایزدی، سیف اللہ ابڑو کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ہیلتھ کارڈ سکیم شروع کی ہے اور 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت اس کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے،
اب جگر اور گردے کی پیوندکاری کی سہولت بھی دی جا رہی ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہیلتھ کارڈ سسٹم رائج ہو چکا ہے، بلوچستان کے عوام بھی اس سکیم سے مستفید ہوں گے، سندھ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اس میں تعاون کرے اور سیاست کو بیچ میں نہ لائے تاکہ سندھ کے لوگوں کو بھی مفت علاج کی سہولت مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتالوں میں علاج کرانے والوں سے معاوضے کا مسئلہ موجود ہے، یہ معاوضہ یکساں ہونا چاہیے، کچھ نجی ہسپتال لوگوں کی بیماری کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔