سندھ ریونیو بورڈ نے 22 فیصد اضافہ کے ساتھ دسمبر 2023 کے دوران ریکارڈ 21.3 ارب روپے وصول کئے،نگران وزیراعلی سندھ

159
کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی وخوشحالی کا دارومدار بہترین تدریسی نظام پر ہی منحصر ہے، نگران وزیراعلی سندھ
کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی وخوشحالی کا دارومدار بہترین تدریسی نظام پر ہی منحصر ہے، نگران وزیراعلی سندھ

کراچی۔ 01 جنوری (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) نے 22 فیصد اضافہ کے ساتھ دسمبر 2023 کے دوران ریکارڈ 21.3 ارب روپے وصول کرلئے جبکہ 2022(دسمبر 2022) میں 17.5 ارب وصول کئے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دسمبر 2023 کے دوران سندھ ریونیو بورڈ نے دسمبر 2023 میں 21.3 ارب روپے ریکارڈ ٹیکس وصولی کی جوکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 22 فیصد اضافہ بنتا ہے ۔

مالی سال 24-2023کے پہلے چھ مہینوں کے دوران ایس آر بی نے 108.6 ارب روپے کی وصولی کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال 23-2022کے پہلے چھ مہینوں کے دوران 80.2 ارب روپے اکٹھے کئے۔ مشکل معاشی حالات میں محصولات میں 35 فیصد اضافہ مالی بہتری کیلئے خوش آئند ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دسمبر 2023 کے دوران آمدنی میں غیر معمولی اضافہ کے کامیابی کا سہرا ایس آر بی ٹیکس دہندگان کے مسلسل اعتماد اور تعاون اور ایس آر بی افسران اور عملے کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ سندھ ریونیو بورڈ تمام منفی عوامل جیسے کہ کم معاشی نمو، معاشی سرگرمی میں کمی اور غیر مستحکم ٹیکس بنیاد کے باوجود 24-2023کیلئے 235 ارب روپے کے مقرر کردہ ریونیو ہدف کو حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔