26 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومضلعی خبریںسندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے تحت حکومت سندھ کی وزارت توانائی کی...

سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے تحت حکومت سندھ کی وزارت توانائی کی جانب سے سانگھڑ میں سولر پینل تقسیم کرنے کی تقریب

- Advertisement -

حیدرآباد۔ 15 مارچ (اے پی پی):سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے تحت حکومت سندھ کی وزارت توانائی کی جانب سے سانگھڑ میں سولر پینل تقسیم کرنے کی تقریب مقامی ہال میں منعقد کی گئی۔

تقریب کی مہمان خصوصی مرکزی اطلاعات سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی و ممبر قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر شازیہ عطا مری تھیں جنہوں نے بجلی کی سہولت سے محروم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ 100 مستحق خاندانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور مردوں میں سولر ہوم کٹس تقسیم کیں۔

- Advertisement -

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شازیہ عطا مری نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اس وعدے کو پورا کرنے کے لیے سندھ حکومت سولر انرجی کے ذریعے عوام کو بجلی فراہم کرنے پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی یتیم کینالوں کو لے کر صدر پاکستان آصف علی زرداری پر بے جا تنقید کر رہے ہیں ہم سندھ کے وسائل کا ہر قدم پر دفاع کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری یہ سولر منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے گرین انرجی وقت کی ضرورت ہے۔ اس پروگرام کے تحت ضلع سانگھڑ میں 6666 خاندانوں کو سولر پینل فراہم کیے جائیں گے۔

سولر سسٹم حاصل کرنے والے مستحق گھرانوں کے سربراہان نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ سولر پینل میں 80 واٹ کا سولر پینل ،کنٹرول یونٹ، لیتھیم آئرن بیٹری، 3 ایل ای ڈی بلب، موبائل چارجنگ، ڈی سی فین اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ، مقامی پیپلز پارٹی رہنما معشوق چانڈیو، اعجاز زرداری، راجیش کمار ہرسانی ، انرجی سولر پروجیکٹ کے جی پی ڈی محفوظ قاضی، ایم ڈی راشد میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالمجید زہرانی، اسسٹنٹ کمشنر شفیق احمد آریسر سمیت ضلعی افسران، سانگھڑ کے معززین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سندھ حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573007

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں