24.9 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںسندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی عظیم تاریخی ورثہ رکھتی ہے، یہیں سے بانی...

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی عظیم تاریخی ورثہ رکھتی ہے، یہیں سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر عظیم شخصیات نے تعلیم حاصل کی ،رانا مشہود احمد خان

- Advertisement -

کراچی۔ 17 اپریل (اے پی پی):پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی)کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی عظیم تاریخی ورثہ رکھتی ہے، یہیں سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر عظیم شخصیات نے تعلیم حاصل کی ، یہ قومی اہمیت کا حامل ادارہ ہے اس لیے حکومت پاکستان بالخصوص پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے طلبہ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ترقی کے بے شمار مواقع فراہم کرے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کےدورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے حشمت لودی یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر، آئی ٹی ٹاور، وہاں پر قائم آرٹیفیشل انٹیلی جنس لیب، بزنس انکیوبیشن سینٹر اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا،یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی اور پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام برائے سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے حشمت لودی ڈویلپمنٹ سنٹر ، اے آئی لیب اور دیگر شعبوں کے طلبا کی مدد کرنے کا بھی اعلان کیا۔

- Advertisement -

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یہ یونیورسٹی عظیم تاریخی ورثہ رکھتی ہے، یہیں سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر عظیم شخصیات نے تعلیم حاصل کی تھی، یہ قومی اہمیت کا حامل ادارہ ہے اس لیے حکومت پاکستان بالخصوص پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے طلبہ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ترقی کے بے شمار مواقع فراہم کرے گا۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہمارے ملک کا روشن مستقبل ہیں لیکن یہ حقیقت ہے کہ ملک کو بڑے چیلنجز درپیش ہیں اس لیے ان نوجوانوں کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو مزید خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم وائی پی پورے ملک کے نوجوانوں کے لیے بغیر کسی فرق کے اعلیٰ تعلیم، فنی تعلیم اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، پہلی بار یوتھ ڈویلپمنٹ پالیسی وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی ہے، مزید برآں ایک ڈیجیٹل یوتھ ہب کا آغاز کیا گیا ہے جہاں نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے کامیاب کیریئر کے متعدد مواقع حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے لیے ماحولیاتی ماہر تیار کرنے کے لیے ملک کی یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ موومنٹ کلب بھی شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے ملک کے نوجوانوں کے لیے اسی طرح کی دیگر پالیسیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ تمام کوششیں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے رانا مشہود کو یونیورسٹی کی تاریخ اور یہاں طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور نوجوانوں کے مستقبل کے منصوبوں بارے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 3000 طلبہ آئی ٹی کے مختلف پروگراموں میں داخل ہیں ، آئی ٹی ٹاور میں ایک ایک فلور بزنس انکیوبیشن سینٹر اور اے آئی لیب کے لیے مختص کیا گیا ہے جہاں نوجوانوں کے کیریئر کی ترقی کے لیے متعدد سرگرمیاں اور تربیتیں منعقد کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے دیگر ذرائع جیسے سولر انرجی، ہائیڈل پاور اور ونڈ انرجی کے علاوہ پاکستان میں یوتھ انرجی بھی موجود ہے جسے ملک کی ترقی کے لیے تیار اور درست طریقے سے استعمال کرنا چاہیے۔ سندھ میں اعلیٰ تعلیم کی بہتری کے لیے وزیر اعلیٰ کے کردار کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ سید مراد علی شاہ نے صوبے کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے کام کو احسن طریقے سے چلانے کے لیے قابل ذکر کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں بڑا اضافہ کرکے خاص طور پر سندھ کی پرانی یونیورسٹیوں کو ان کے مالیاتی بحران کی وجہ سے تباہ ہونے سے بچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ساتھ ساتھ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کی تربیت کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ وفاقی ایچ ای سی کو چاہیے کہ وہ آنے والے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ملک کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے بجٹ میں اضافہ کرے۔ پی ایم وائی پی کے فہد شفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سندھ کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے کوششیں کریں گے۔ بعد ازاں ڈاکٹر مجیب صحرائی نے مہمانوں کو سووینئرز پیش کیے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583472

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں