اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سندھ میں گزشتہ 13 برس سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، سندھ میں بدانتظامی اور بدعنوانی کی وجہ سے عوام صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، کورونا وائرس ”ڈیلٹا” بھی کورونا وائرس کی باقی اقسام کی طرح خطرناک ہے، ہم سب کو ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے، بیماری سے تحفظ کے لئے ویکسینیشن ضروری ہے، وزیراعظم عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو کشمیر کا مقدمہ پوری دنیا میں لڑ رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی نے کورونا وباء کے دوران بہت زبردست کام کیا ہے، این سی او سی پورے ملک سے ڈیٹا حاصل کر کے اس کا جائزہ لینے کے بعد فیصلے کرتا ہے، جب کورونا وباء کی صورتحال بہتر ہو رہی تھی تو مرحلہ وار مختلف شعبوں سے پابندیاں اٹھائی گئیں، اب ہماری ترجیح یہ ہے کہ ہم ملک کی زیادہ سے زیادہ آبادی کی ویکسینیشن کریں، بڑی تعداد میں ویکسین پاکستان پہنچ رہی ہیں اور ایک بڑی تعداد میں لوگوں کو ویکسین لگائی بھی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی صورتحال سے بہت اچھے طریقے سے نمٹا ہے، ڈبلیو ایچ او سمیت دنیا کے بڑے اداروں نے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا ہے، پاکستان کی سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اور ہمارے ویکسینیشن کے عمل کو آگے بڑھانے کے طریقہ کار کی دنیا معترف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی ایک قسم ”ڈیلٹا” ہے جو بھارت سے آیا ہے، اس حوالے سے ہم لوگوں کو آگاہ بھی کر رہے ہیں، اس وقت بھی ہمارا فوکس یہی ہے کہ ہم ایس او پیز پر عملدرآمد کریں، احتیاط کے ذریعے ہی ہم کورونا کے کیسز کو بڑھنے سے روک سکتے ہیں اور ملک کی وہ آبادی جس نے ابھی تک ویکسینیشن نہیں کروائی ان کو چاہیے کہ وہ ویکسینیشن کروائی، ویکسینیشن بیماری سے تحفظ کے لئے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے جب تمام لیڈرشپ اکٹھی ہوئی تھی تو اس وقت یہ طے ہوا تھا کہ غیر سیاسی شخصیت کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر لگایا جائے گا، اس بات پر سب کا اتفاق تھا اور کراچی کی ڈویلپمنٹ ترجیحات میں شامل تھی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 13 سال سے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، سندھ حکومت نے کراچی کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی، کراچی صوبائی دارالحکومت ہے، صوبائی ٹیکسز سب سے زیادہ کراچی سے اکٹھے کئے جاتے ہیں، کراچی میں پیپلز پارٹی کی ایڈمنسٹریشن کے تحت نالوں کی صفائی تو ہو نہیں سکی، ہر سال بارشیں ہوتی ہیں تو کراچی ڈوبتا ہے، کراچی کے معاملات کے حوالے سے سندھ حکومت نا اہل ثابت ہوئی ہے، اب پیپلز پارٹی مرتضیٰ وہاب کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر لگانا چاہتی ہے تو جب پیپلز پارٹی پہلے کراچی کے لئے کچھ نہیں کر سکی تو اب کیا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا گیا، اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتیں اپنے ادوار میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پیش نہیں کرسکیں اور اب وہ بغیر کسی معقول دلائل کے موجودہ حکومت کی بہترین کوششوں پر تنقید کر رہی ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کشمیری عوام کے مسائل حل کرے گی، حکومت عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے شروع کرے گی، اپوزیشن انتخابی اصلاحات میں دلچسپی نہیں لے رہی ہے بلکہ وہ کشمیر میں قبل از انتخابات دھاندلی کے الزامات عائد کررہی ہے۔