اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):اقتصادی امور ڈویژن میں "سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی تعمیر نو کے پروگرام” کے حوالے سے پاکستان اور جاپان کی حکومتوں کے درمیان کرنسی کے تبادلے اور گرانٹ کے معاہدے پر دستخط کی ایک تقریب منعقد ہوئی۔ حکومت جاپان نے 794 ملین جاپانی ین (تقریباً 5.3 ملین امریکی ڈالر) کی مالیت کی امداد گرانٹ کے ذریعے حکومت پاکستان کو دی ہے جس کا مقصد سندھ میں 2022 میں آنے والے سیلاب اور مون سون کی شدید بارشوں سے تعلیمی بنیادی ڈھانچے میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔
صوبے کے چھ اضلاع میں کل نو مکمل طور پر تباہ شدہ سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو کی جائے گی۔ اس گرانٹ کے تحت سکولوں کی تباہ شدہ عمارتوں کی تعمیر نو سے طلباءکے لیے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور تعلیم تک لڑکیوں کی رسائی کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا میتسوہیرو نے اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے دستخط اور تبادلہ کیا۔
گرانٹ کے معاہدے پر جوائنٹ سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن سعید اشرف صدیقی اور چیف نمائندہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی جیکا کینو شیتا یاسو ٹمسو نے دستخط کیے۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نے فریقین کے مابین مزید بامعنی تعاون کے لیے تمام اہم سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ حکومت اور جاپان کے عوام کو ان کی عظیم حمایت پر سراہا۔ فریقین نے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا یقین دلایا۔