سندھ میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری،کئی گرفتار

157
فیصل آباد ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی چینی وآٹا کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں،پونے 2 ماہ میں 13گودام سیل

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):سندھ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف پاک رینجرز اور پولیس کی مسلسل کاروائیاں جاری ہیں، 30 غیر قانونی ہائیڈرنٹس سیل جبکہ 106 افراد پانی چوری کے الزام میں گرفتار کر لیے گئے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن میں غیرقانونی طورپر ذخیرہ کردہ پٹرول، چینی، گندم اور کھاد سمیت دیگراشیائے خوردونوش برآمد کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف مہم میں واٹر بورڈ کے اشتراک سے پاکستان رینجرز سندھ نے 30 غیر قانونی ہائیڈرنٹس سیل کیے، آپریشن میں 106 افراد پانی چوری کے الزام میں گرفتارکیے گئے۔ آپریشن منگھوپیر،ناظم آباد،اورنگی،ایوب گوٹھ،جنجل گوٹھ،گلزارِہجری، قیوم آباد اور جمشید کوارٹرز کے علاقے میں قائم غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کیا گیا۔ آپریشنز کے دوران واٹر بوزر ،موٹرز، پائپس اور کیبل سمیت واٹر پمپس سرکاری تحویل میں لئے گئے، اس سلسلے میں 21 ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں۔

صوبہ سندھ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف آپریشن بھی جاری ہے،ستمبر 2021ء سے اب تک تقریباً 3432 غیر قانونی طور پر بسنے والے غیر ملکیوں کو گرفتارکیا جاچکا ہے، اس کے علاوہ مختلف جرائم میں ملوث 843 غیر ملکی باشندے بھی گرفتار کیے گئے۔ حکومت کی ہدایت پر رینجرز کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن میں غیرقانونی طورپر ذخیرہ کیا گیا پٹرول، چینی، گندم اورکھاد سمیت دیگراشیائے خوردونوش برآمد کی گئیں۔

اندرون سندھ اور کراچی میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی چینی کی تقریباً 150,000 سے زائد بوریاں برآمد کی گئیں۔ اب تک 28 آپریشنز میں 74،589 لیٹرپٹرول برآمد جبکہ 78 افراد گرفتار کیے گئے۔ علاوہ ازیں حب چوکی سمیت کئی علاقوں سے ہزاروں لیٹر ایرانی پٹرول برآمد کیا گیا۔ اسی طرح ڈاکوئوں، منشیات فروشوں اور سٹریٹ کرمنلز کے خلاف 124مختلف آپریشنزکیے گئے جن میں 355 افراد گرفتار، 82 ہتھیار اور 996 گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ بڑی وارداتوں میں ملوث رکشہ ڈکیٹ اور شمس ڈکیٹ گروپ سمیت 7 بڑے گروپوں کی خلاف آپریشنز کیے گئے۔ پاکستان رینجرز اور پولیس کے اشتراک سے گھوٹکی، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور دیگر علاقوں میں سنیپ چیکنگ کے ذریعے مجرموں کی تلاش جاری ہے۔

کندھ کوٹ میں رینجر زاور پولیس کے انٹیلیجنس بیسڈآپریشن میں دوآرمز ڈیلر گرفتار کیے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فلیگ مارچ جاری ہے جبکہ کچے کے علاقے میں آپریشن کے لئے حیدرآباد سے رینجرز کا اضافی ونگ گھوٹکی روانہ کردیا گیا۔