سندھ کی تہذیب نے کئی نامور ادیب پیدا کیے اور علی بابا ان میں سے ایک تھے، نگران وفاقی وزیر تعلیم کا کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

99
سندھ کی تہذیب نے کئی نامور ادیب پیدا کیے اور علی بابا ان میں سے ایک تھے، نگران وفاقی وزیر تعلیم کا کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے اپنی کتاب "پاکستانی ادب کے معمار” کی تقریب رونمائی کے موقع پر کہا ہے کہ سندھ کی تہذیب کثیر لسانی، کثیر المذہبی اور کثیر النسل ہے جس نے کئی نامور ادیب پیدا کیے اور علی بابا ان میں سے ایک تھے۔

بدھ کو یہاں سندھ کے نامور مصنف علی محمد جو علی بابا کے نام سے مشہور ہیں، کی زندگی اور کارناموں پر کتاب کی رونمائی کے موقع پر کتاب "علی بابا کی شخصیت اور فن” کے مصنف، کالم نگار اور نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا کہ وہ خود ان خوش نصیبوں میں سے ہیں جنہوں نے علی بابا کو صوبے کے مختلف شہروں میں دیکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ایک مضبوط ثقافت اور تہذیب کا حامل صوبہ ہے اور شیخ ایاز کا شمار صوبے کے عظیم جدید شاعروں میں ہوتا ہے۔مدد علی سندھی نے کہا کہ انہوں نے کتاب میں علی بابا کی شخصیت کے بارے میں بہت تفصیل سے لکھا ہے، علی بابا عظیم مصنف ہونے کے باوجود اپنی عظمت سے غافل تھے۔

انہوں نے کہا کہ علی بابا کی تحریریں انسانی وجود اور خودی کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہیں، علی بابا کے کاموں کے بارے میں وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے ناول موئنجو داڑو اور ڈرامہ ڈنگی منج دریا جیسے شاندار کام کیے ہیں۔

علی بابا کے فن کو لازوال قرار دیتے ہوئے مدد علی سندھی نے امید ظاہر کی کہ ان کی تحریروں کا اردو، انگریزی اور دیگر زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا۔