کراچی۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ آج ہم نے ایم کیوایم پاکستان سے مشترکہ نکات پر گفتگو کی ہے ، آج کی ملاقات میں سینٹ کے انتخابات پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اسد عمرنے کہا کہ تحریک انصاف کی خواہش ہے کہ سینٹ کے انتخابات شفاف طریقے سے ہوں لیکن سندھ کی صوبائی حکومت کا رویہ غیر جمہوری ہے ، تحریک انصاف ایک جمہوری جماعت ہے اور اس نے ہمیشہ جمہوریت کی قدر کی ہے، ایم کیو ایم پاکستان ہماری اتحادی جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر حفیظ شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ کے الیکشن میں بڑا جوش و خروش نظر آرہا ہے لیکن اس الیکشن میں کوئی خرید و فروخت نہ ہوپوری کوشش کریں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کر کے کوئی بھی حکومت خوش نہیں ہوتی بلکہ مجبوری اور معاشی حالات کے سبب آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑتا ہے، کراچی میں اگر ملازمتیں پیدا کرنی ہیں تو کاروبار کو بڑھانا ہوگا۔
ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہمارا مطالبہ صرف یہ ہے کہ شہری سندھ کے احساس محرومی کو دور کیا جائے ۔قبل ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآبادمیں پاکستان تحریک انصاف کے وفدنے وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی
۔پی ٹی آئی کے وفد میں وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ، وفاقی وزیر میاں محمد سومرو، رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی ودیگر بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان،ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، ڈپٹی کنوینر وسیم اختر، وفاقی وزیر ورکن رابطہ کمیٹی سید امین الحق، فیصل سبزواری،خواجہ سہیل منصور، زاہد منصوری بھی موجود تھے۔