وفاقی وزیر سید امین الحق کا آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے کی دستخطی تقریب سے خطاب

132

کراچی۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع کیلئے تین سال کے دوران موبائل براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کیلئے 8 ارب 48 کروڑ روپے کی لاگت سے 9 منصوبے شروع کئے ہیں جن کی تکمیل سے 26 اضلاع میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 75 لاکھ کی دیہی آبادی ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے کی دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے۔

وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع کیلئے ہماری وزارت نے 3 سال کے دوران موبائل براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کیلئے 8 ارب 48 کروڑ روپے کی لاگت سے 9 منصوبے شروع کئے ہیں۔ان منصوبوں کی تکمیل سے 26 اضلاع کے 3ہزار 227 پسماندہ دیہات اور 230 یونین کونسلوں میں تقریبا 19 سو کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 75 لاکھ کی دیہی آبادی کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے منصوبے سندھ کے عوام سے وابستگی اور بلاامتیاز عوامی خدمت کی اعلی مثال ہیں، سندھ پر 13 سال سے قابض عوام دشمن پارٹی دیکھ لے عوامی خدمت اسے کہتے ہیں، کراچی سے منتخب ہوا لیکن اپنی وزارت سے فائدہ پورے سندھ کو دینے کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے نام پر 1800 ارب روپے ہڑپ کرنے والی سندھ حکومت کی طرح ہوائی منصوبے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹل دور میں عوام کو سب پتہ ہے کہ کام کون کررہا ہے اور باتیں کون بنارہا ہے، شہری آبادی پیپلز پارٹی کے عوام دشمن عزائم جانتی ہے، اب دیہی سندھ بھی جان جائے گا، اب شور مچائیں، الزامات لگائیں، اپنے وزرا کو پیچھے لگائیں، آپ کی سننے والا کوئی نہیں۔

سید امین الحق نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کو صوبے کے ہر منصوبے میں شرکت کی دعوت دی لیکن وہ کبھی نہیں آئے اس کی وجہ یہی ہے کہ وزیراعلی کو صوبے اور اس کی عوام کی ترقی سے کوئی غرض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13 برس میں پیپلز پارٹی حکومت کوئی ایک ماڈل یونین کونسل ایسی دکھا دے جہاں تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں،تمام صوبوں میں میٹرو بس صوبائی حکومتوں نے بنائی لیکن سندھ حکومت کو صرف بہانے بنانے آتے ہیں،ہماری درخواست پر وفاق نے گرین لائن اور کے فور کا منصوبہ دوبارہ شروع کیا، پیپلز پارٹی حکومت نے لسانیت اور تعصب کے نام پر کراچی حیدرآباد کے عوام کو ترقی کے عمل سے دور رکھا ہوا ہے۔ اس لئے ہم کہتے ہیں جب تک پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت ہے صوبہ کسی صورت ترقی نہیں کرسکتا۔

قبل ازیں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹو حارث محمود چوہدری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے علاوہ وفاقی وزیر آئی ٹی کی ہدایت پر ہم نے اپنے فائبرآپٹیکل کیبل منصوبے کو یونین کونسلوں کی سطح تک وسیع کردیا ہے، آج کا یہ منصوبہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ارب 10 کروڑ مالیت کا یہ منصوبہ پی ٹی سی ایل کو سونپا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت نوشہرو فیروز ، شہید بینظیر آباد ا، خیرپوراضلاع اور اطراف کی آبادی کے تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار رہائشیوں کو فائدہ ہوگا،اس پراجیکٹ کے تحت 90قصبوں اوریونین کونسلوں کو 709.5 کلومیٹر طویل آپٹک فائبرکیبل سے منسلک کیا جائے گا۔

تقریب سے پی ٹی سی ایل کے قائم مقام سی ای او ندیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں رابطوں کی فراہمی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہوئے مواصلاتی ضروریات کو پورا کرنے میں مئوثر کردار ادا کررہا ہے، سندھ کیلئے اس منصوبے کی وقت پر معیار کے ساتھ تکمیل ہماری اولین ترجیح ہوگی۔