اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی تجاوزات اور غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے،منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنا اور ان کو سیاسی تنقید کا نشانہ بنانا بلا جواز ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے بارے جائزہ اجلاس ہوا ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے لاہور اور ملک کے مستقبل کے لیے اہم ہیں۔ منصوبوں میں ماحول دوست مٹیریل کا استعمال کیا جائے۔ گرین اربنائزیشن ماڈل ملک کے دوسرے شہروں میں بھی استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے شہریوں کی سہولت اور معاشی ترقی کے لیے شروع کئے ہیں۔
حکومت غیر فعال اثاثوں کو سرمایہ کاری کے قابل بنا رہی ہے۔ منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنا اور ان کو سیاسی تنقید کا نشانہ بنانا بلا جواز ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غیر قانونی تجاوزات اور غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔