سو گنڈے اور سو چھتر” عمران صاحب کا مقدرہیں، اداروں کو گالی، دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکیدار نہ بنے، مریم اورنگزیب

217
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا اسٹیج، فلم اور ٹی وی کے معروف اداکار افضال احمد کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ”-100 گنڈے اور 100 چھتر” اب عمران صاحب کا مقدر ہیں، اداروں کو گالی دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکیدار نہ بنے، عمران خان کو اقتدار میں واپسی کے لئے اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔

اتوار کو پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی کو بھی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔ عمران خان نے اعتراف کیا ہے کہ چار سال حکومت چلانے کے لئے انہوں نے اداروں اور ایجنسیوں کی مدد لی۔

انہوں نے کہا کہ دھونس دھمکی گالی سے انصاف کا قتل نہیں کرنے دیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ آئین کا بیانیہ ہے اور رہے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان فوج اور عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنا بند کریں، عمران خان کا نشانہ ادارے ہیں اور ان کی قیادت کو عہدوں سے اتروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہ پر خون لگنے کی بات کر کے اب پائوں نہ پکڑیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کا بیرون ملک سازش کا بیانیہ دفن اور اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ شروع ہو چکا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کا فیصلہ دے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب دھونس، دھمکی، انتشار، فساد اور غنڈہ گردی کے ذریعے فارن فنڈنگ کیس میں این آر او چاہتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے، فل کورٹ سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست، موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرے۔ انہوں نے کہا کہ اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات پر انصاف ہونا ہی نہیں بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پیدا کردہ عدم استحکام سے قومی معیشت پھر دیوالیہ پن کے خطرات سے دوچار ہو چکی ہے، عمران خان کی معاشی تباہی کی قیمت عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی صورت ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب احتساب سے بچنا، اپنی کرپشن چھپانا اور چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ جنگ متکبر آئین شکن عمران صاحب کی فسطائیت کے خلاف ہے، پاکستان کے عوام اور اداروں کو عمران خان کی خواہشات کا غلام نہیں بننے دیں گے، جمہوری اور آئینی نظام کو دیوالیہ نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمرانی سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کیلئے دیمک بن چکا ہے۔ آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔