لاہور۔14ستمبر (اے پی پی):سوئی ناردرن نے گیس چوری کے خلاف مہم کے دوران پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں مزید 241 گیس کنکشن منقطع کردیئے، گیس چوری میں ملوث افراد سے 27 لاکھ روپے وصول کیے جائیں گے۔ ترجمان ایس این جی پی ایل نے جمعرات کو بتایا کہ کریک ڈائون کے دوران ایک بڑی کارروائی میں مردان کے علاقے میں گیس کا پانچ کلومیٹر طویل غیر قانونی نیٹ ورک پکڑا گیا جسے ریجنل ٹیم نے منقطع کردیا، لاہور میں بیدیاں روڈ پر فارم ہاس میں گیس کا غیر قانونی کنکشن منقطع کردیا گیا۔ لاہور میں ہی یو ایف جی ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے تجارتی مقاصد کے لئے گھریلو کنکشن کے استعمال پر گیس کنکشن منقطع کردئیے۔
دیگر کارروائیوں میں سوئی ناردرن گیس نے پشاور میں گیس کے براہ راست استعمال، غیر قانونی کنکشن پر مجموعی طور پر 30 کنکشن منقطع کیے جانے کے علاوہ گیس چوری 14 لاکھ سے زائد رقم بک کی۔راولپنڈی میں ریجنل ٹیم نے 11 گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ 277،000 کی رقم بک کی۔ مردان میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر بیس گیس کنکشن منقطع کیے جانے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں 360،000روپے کی رقم بک کردی گئی۔ سیالکوٹ میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 21گیس کنکشن منقطع کیے گئے۔ سرگودھا میں گیس میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے پر 2 جبکہ غیر قانونی استعمال پر گیارہ کنکشن منقطع کردیے گئے۔
گوجرانوالہ میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 21گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد رقم بک کردی۔ گیس کے غیر قانونی استعمال پر گجرات میں کارروائیوں کے دوران 7صارفین جبکہ کمپریسر کے استعمال پر 2 صارفین کے گیس کنکشن منقطع کردئیے گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گیس کے براہ راست استعمال پر چھ کنکشن منقطع کردیئے گئے۔ ساہیوال میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر پانچ کنکشن منقطع کیے جانے کے علاوہ گیس چوری پر 20 ہزار سے زائد رقم بک کردی گئی۔
فیصل آباد میں ریجنل ٹیم نے کریک ڈان کے دوران 23کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں 140،000 روپے بھی بک کرلیے۔ لاہور میں کمپریسر کے استعمال پر دو جبکہ گیس کے غیر قانونی استعمال پر گیارہ کنکشن منقطع کردیے گئے۔ بہاولپور میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کمپریسر کے استعمال پر 22 جبکہ گیس کے غیر قانونی استعمال پر تین کنکشن منقطع کردیے۔ ملتان میں ریجنل ٹیم نے 27گیس کنکشن منقطع کیے۔ شیخوپورہ میں کمپریسر استعمال کرنے والے دو صارفین کے علاوہ پندرہ گیس کنکشن منقطع کیے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=390647