لاہور۔28اپریل (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے فی شیئر 7.50 روپے (یعنی 75 فیصد) حتمی کیش ڈیویڈنڈ دینے کی سفارش کی گئی۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں مالی سال 2023-24کے سالانہ حسابات کی منظوری دی جو کمپنی کے لیے ایک تاریخی کامیابی کی حیثیت رکھتی ہے، اس مدت کے دوران سوئی ناردرن نے تاریخ کا سب سے زیادہ منافع حاصل کیا جس میں قبل از ٹیکس منافع 30ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ بعد از ٹیکس منافع19ارب روپے رہا جبکہ فی حصص آمدن 29.92روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 10.6ارب روپے کے بعد از ٹیکس منافع اور 16.66 روپے فی حصص آمدن کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔مالی سال کے دوران سوئی ناردرن نے غیرمعمولی استقامت اور عملی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کاروبار کے تمام شعبوں میں نمایاں سنگ میل عبور کیے۔
عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی اور مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھا وجیسے چیلنجز کے باوجود کمپنی نے شاندار نتائج حاصل کیے اور اپنی مضبوط بنیاد اور مستقبل کی ترقی کے امکانات کو مزید مستحکم کیا۔بورڈ نے خاص طور پر یو ایف جی پر قابو پانے میں مینجمنٹ کی شاندار کارکردگی کو سراہا جہاں گزشتہ اٹھارہ برسوں میں سب سے کم یو ایف جی جو کہ 4.93 فیصد رہی۔ بورڈ نے کمپنی کے عملے کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مقررہ اہداف سے بڑھ کر نتائج حاصل کرنے پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کی موجودگی میں، چیئرمین اسماعیل قریشی نے بورڈ ممبران، مینجمنٹ اور عملے سمیت پوری سوئی ناردرن ٹیم کی بے لوث کاوشوں پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی مسلسل معاونت اور حکمت عملی نے کمپنی کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔منیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے کہا کہ سوئی ناردرن کی شاندار کارکردگی کا تسلسل بورڈ، وزارت توانائی اور کمپنی کے تمام ملازمین کی باہمی کاوشوں کا عملی مظہر ہے۔مضبوط بنیادوں اور واضح حکمت عملی کے ساتھ، سوئی ناردرن مستقبل میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے اسٹیک ہولڈرز کے لیے پائیدار قدر پیدا کرنے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589105