اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پر زیر گردش زلزلے سے متعلق پیش گوئیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ زلزلہ قدرتی آفت ہے، اس کا علم پہلے سےنہیں ہوسکتا، پہلے سے زلزلےکا علم ہوتا تو ترکیہ میں اتناجانی ومالی نقصان نہ ہوتا۔
محکمہ موسمیات حکام کے مطابق پاکستان میں ہلکی نوعیت کے زلزلے آتے رہتے ہیں اور آتے رہیں گے، ترکیہ اور پاکستان کی فالٹ لائنز میں کوئی مماثلت نہیں، زیر گردش زلزلے سے متعلق پیشگوئیوں کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں۔
ترکیہ میں زلزلے کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈ سے تعلق رکھنے والے تحقیق کار فرینک ہوگر بیٹس نے سوشل میڈیا پر اپنی ٹوئٹ میں کچھ روز پہلے ہی اس خطے میں بڑے زلزلے کی پیشگوئی کی تھی۔فرینک ہوگر بیٹس نے 3 فروری کو ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ جلد یا بدیر جنوبی وسطی ترکیہ، اردن، شام اور لبنان میں 7 اعشاریہ 5 شدت کا زلزلہ آئے گا، ان کی زلزلے سے متعلق پیشگوئی 3 روز بعد ہی سچ ثابت ہوئی۔اب سوشل میڈیا پر ان ہی کے حوالے سے پاکستان اور بھارت میں زلزلے کی پیشگوئی کی پوسٹس وائرل ہو رہی ہیں جنہیں اب محکمہ موسمیات نے مسترد کردیا ہے۔