سونے کی فی تولہ قیمت میں گزشتہ مالی سال کے دوران ایک لاکھ 8 ہزار 500 روپے اضافہ ریکارڈ

43
Price of gold per tola
Price of gold per tola

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں گزشتہ مالی سال کے دوران ایک لاکھ 8 ہزار 500 روپے اضافہ ہوا ہے، گزشتہ مالی سال 25-2024 کے اختتام پر فی تولہ قیمت 3 لاکھ 50 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن (اے پی ایس جی جے اے) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں ہونے والا اضافہ ، ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں کمی ، افراط زر اور سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے کی طلب میں اضافہ کے نتیجہ میں گزشتہ مالی سال کے دوران سونے کی مقامی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان رہا ہے ۔

واضح رہے کہ 29 جون 2024 کو 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 41 ہزار 700 روپے تھی جو مالی سال کے اختتام پر 3 لاکھ 50 ہزار 200 روپے تک بڑھ گئی۔ اس طرح مالی سال 24-2023 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 25-2024 کے دوران ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک لاکھ 8 ہزار 500 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت گزشتہ مالی سال کے آغاز پر 2 لاکھ 7ہزار 219روپے تھی جس میں دوران سال 93 ہزار روپے کا اضافہ ہوا اور قیمت 3 لاکھ 240 روپے تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے آغاز پر بین الاقوامی مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت 2326 ڈالر تھی جو مالی سال کے اختتام پر 3280 ڈالر تک بڑھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی طلب میں خاطر خواہ اضافہ کے نتیجہ میں 10 گرام سونے کی قیمت میں 950 ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے

جبکہ ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قیمت میں کمی ، افراط زر کی شرح اور سونے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے نتیجہ میں سونے کی مقامی قیمت میں اضافہ کا رجحان رہا ہے۔ اے پی ایس جی جے اے کے حکام نے کہا ہے کہ جاری مالی سال کے دوران بھی سونے میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے تاہم پاکستان میں سونے کی قیمتوں کاتعین بین الاقوامی مارکیٹ میں کمی بیشی سے منسلک ہو گا۔