اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):سوڈان کی وزیر خارجہ مریم الصادق المہدی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ، اسرائیلی جارحیت اور فلسطین کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، دونوں وزرائے خارجہ نے نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔
دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے گفتگو کے دوران کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر جاری مظالم، بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی علمبردار قوتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔
وزیر خارجہ نے سوڈانی ہم منصب کو، فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم رکوانے اور عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کیلئے، پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان، کا موقف واضح اور دو ٹوک ہے، پاکستان، فلسطینیوں کی حق ارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی صدر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں، فلسطین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایاہے۔میرا گزشتہ روز فلسطین کے وزیر خارجہ سے رابطہ ہوا اور میں نے انہیں فلسطین کے معاملے پر پاکستان کی جانب سے کی جانیوالی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کیلئے عالمی فورمز پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔