سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی انتہائی تسلی بخش ہے،آئی ایم ایف کے اطمینان نے اعتماد میں اضافہ کیا ہے، عاطف اکرم شیخ

189
Atif Akram Sheikh

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی انتہائی تسلی بخش۔ اصلاحات اور آئی ایم ایف کے اطمینان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔

اس وقت ہماری سٹاک مارکیٹ خطے کی تمام مارکیٹوں سے زیادہ منافع بخش ہے۔ عاطف اکرام شیخ جو پی وی ایم اے کے چئیرمین اور اسلام آباد چیمبر کے صدر بھی رہے ہیں نے اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کے پیکج اور مثبت جائزہ رپورٹ، مالی نظم و ضبط اور بہتر منافع نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں بیس سے 25 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کے فیصلے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ دوست ملک درجنوں شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کریں گے جس سے پیداوار اور روزگار بڑھے گا۔ دوست ممالک پاکستان کی معیشت میں بہتری کے آثار کے بعد سرمایہ کاری کا فیصلہ کر رہے ہیں جو خوش آئند امر ہے۔