سٹی ٹریفک پولیس ملتان، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 28کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے

118

ملتان۔ 06 دسمبر (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے رواں سال 2024 کی اب تک کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ جس کے مطابق چارلاکھ 33 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 28 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔

اوورلوڈنگ کرنے والی 8ہزارسے زائد گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، ون وے کی خلاف ورزی پر 12 ہزارسے زائد شہریوں کوجرمانہ عائد کیا گیا۔ گاڑیوں کےشیشو ں پربلیک پیپر لگا نے پر 17 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے ۔ ڈرائیونگ لائسنس کی خلاف ورزی پر 87 ہزار سے زائد شہریوں کوچالان کرکے جرمانہ عائد کیاگیا۔

سموگ کا سبب بننے والی 15 ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی،چھ ہزار سے زائد گاڑیوں کو مختلف تھانوں، سیکٹر دفاتر میں بند کروا گیا۔ رجسٹریشن کے بغیر ڈرائیونگ پر 53 ہزار سے زائد چالان کیے گئے۔اور ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر55 ہزار سے زائد موٹر سا ئیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

سکول و کالجز، بس اڈوں اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں 250 سے زائد ٹریفک آگاہی لیکچرز کااہتمام بھی کیا گیا ۔۔سٹی ٹریفک پولیس آفیسر کی جانب سے کہاگیا ہے کہ ٹریفک قوانین شہریوں کی حفاظت کومدنظررکھتے ہوئے بنائے جاتے ہیں۔ شہری ان کی پاسداری کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی جان و مال کو محفوظ بنائیں