سٹیٹ بینک سکیم کے تحت 6 کھرب 57 ارب 15کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے قرضے ایک سال کے لئے موخر

72
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوششوں میں سٹیٹ بینک کی قرضہ موخرو ری شیڈول کرنے کی سکیم کے تحت اب تک 6 کھرب 57 ارب 15کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کو ایک سال کے لئے موخر کر دیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداد وشمارکے مطابق اصل زر کی ادائیگی ایک سال کے لئے موخر کرنے کی سکیم کے تحت 24دسمبر 2020 تک سٹیٹ بینک کو 16 لاکھ، 44 ہزار 124 درخواستیں موصول ہوئیں جن کے ذمہ واجب الادا قرضہ کا حجم 25 کھرب 21 ارب 92کروڑ90 لاکھ روپے ہے، ان میں سے15لاکھ 82ہزار 97 درخواستوں کی منظوری دی گئی ہے اور 6 کھرب 57 ارب 15کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کو ایک سال کے لئےموخرکردیا گیا۔ اسی طرح اس سکیم کے تحت 2 کھرب 19 ارب 22کروڑ 30 لاکھ روپے سے زیادہ کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ،ری شیڈولنگ کی منظوری دی گئی ہے۔اس سکیم کے تحت صارف قرض کا اصل زر ایک سال موخر کرنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ سہولت ان صارفین کے لئےہے جن کی ادائیگی 31 دسمبر 2019 تک باقاعدہ ہوچکی ہو،قرض ادائیگی موخر کرنے پر بینک کوئی فیس یا سود چارج نہیں کرتے ۔ بینکس اس دوران صرف سود یا منافع کی وصولی کر سکیں گے جو صارفین سود یا منافع کی رقم ادا نہ کرسکیں وہ ری سٹرکچر کی درخواست کرسکتے ہیں۔ قرضوں کو موخر یا ری شیڈول کرنے سے کریڈٹ ہسٹری متاثر نہیں ہوتی۔