23.1 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومقومی خبریںسپارکو کا کردار ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی، نگرانی اور ان پر...

سپارکو کا کردار ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی، نگرانی اور ان پر عملدرآمد میں اہمیت کا حامل ہے، وفاقی وزیر اسد عمر کا ویب پورٹل اور موبائل ایپ کی لانچنگ تقریب سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ سپارکو کا کردار ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی، نگرانی اور ان پر عملدرآمد میں اہمیت کا حامل ہے، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی مواصلات کو بہتر بناتی ہے اور بروقت فیصلوں کے قابل بنا کر ممکنہ مسائل کی تشخیص میں مدد کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سپارکو کی جانب سے وزارت منصوبہ بندی کے تعاون سے ویب پورٹل اور موبائل ایپ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو پاکستان پلاننگ اینڈ مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

- Advertisement -

افتتاحی تقریب میں سیکرٹری منصوبہ بندی عبدالعزیز عقیلی، چیئرمین سپارکو میجر جنرل عامر ندیم، وزارت منصوبہ بندی کے سینئر افسران اور سرکاری و نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے سپارکو کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سپارکو کا کردار ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی، نگرانی اور ان پر عملدرآمد میں نمایاں اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی مواصلات کو بہتر بناتی ہے اور بروقت فیصلوں کے قابل بنا کر ممکنہ مسائل کی تشخیص میں مدد کرتی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ سیٹلائٹ سسٹم کا استعمال پراجیکٹس کی مقداری اور معیاری حالت کی نگرانی کے لئے کیا جا سکتا ہے اور یہ پراجیکٹ مینجمنٹ کے ساتھ اسے کس حد تک مربوط کیا جا سکتا ہے۔

سپارکو کے چیئرمین میجر جنرل عامر ندیم نے پاکستان ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ -1 کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس نے قوم کو سماجی اقتصادی ترقی اور ملک کے بے شمار چیلنجز سے نمٹنے کے لئے خود انحصار بنایا ہے۔ سپارکو نے ایک ویب پورٹل (www.prss.pk) شروع کیا ہے جہاں سے صارفین آسانی سے اپنے ڈیسک ٹاپ سے براہ راست سیٹلائٹ کو براؤز کر سکتے ہیں، آرڈر دے سکتے ہیں اور براہ راست ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، یہ پیشہ ور افراد کے لئے جدید ترین امیجنگ کے اختیارات کے ساتھ جدید ترین پورٹل ہے۔

سپارکو نے اس صلاحیت کو مقامی طور پر تیار کردہ موبائل ایپ کے ساتھ مکمل کیا ہے جسے صارف (پلاننگ کمیشن آف پاکستان سے) اپنے سیل فون پر انسٹال کر کے سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کی نگرانی کر سکتا ہے۔

تکنیکی ماہرین نے پراجیکٹ کی موثر نگرانی کی صلاحیت کے حوالے سے سامعین کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔ بعد ازاں چیئرمین سپارکو نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کو سووینیئر پیش کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=290454

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں