اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان نے سید زکریا علی شاہ کو ایڈیشنل رجسٹرار (ایڈمن) تعینات کر دیا ۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق سول سروسز آف پاکستان کے آفیسرسید زکریا علی شاہ کوسپریم کورٹ آف پاکستان ایڈیشنل رجسٹرار (ایڈمن ) تعینات کیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل رجسٹرار (ایڈمن) کے طور پرسید زکریا علی شاہ عدالت کے انتظامی ونگ کے سربراہ ہوں گے اور ملک بھر میں قانونی چارہ جوئی کے لیے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے و سپریم کورٹ کے آپریشنز کو جدت دینے کے لیے ہیومن ریسورس کی نگرانی، بجٹ اور آڈٹ، پروکیورمنٹ، لاجسٹکس اور سکیورٹی جیسے کلیدی امور کی نگرانی کریں گے ۔
اعلامیہ میں مزید کہاگیاہے کہ سید زکریا علی شاہ متعدد وفاقی وزارتوں اور محکموں میں اعلیٰ قیادت کے عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی حالیہ ذمہ داریوں میں وزارت توانائی (پاور ڈویژن) میں ایڈیشنل سیکرٹری، وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ میں سینئر جوائنٹ سیکرٹری اور وزارت پٹرولیم میں جوائنٹ سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دینا شامل ہیں۔ سید زکریا علی شاہ (سی پیک ) چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر بھی رہ چکے ہیں، جہاں انہوں نے سی پیک فریم ورک کے تحت سٹریٹجک اقدامات کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کیا۔
سید زکریا علی شاہ انٹر سٹیٹ گیس سسٹم کے ایم ڈی، پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے ایم ڈی اور انٹیگریٹڈ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کے سی ای او بھی رہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583631