اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) سپریم کورٹ نے عطاءالحق قاسمی کی بطور ایم ڈی پی ٹی وی اور ڈائریکٹر پی ٹی وی تقرری کو غیرقانونی قرار دے دیا ہے، جسٹس عمر بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ کی طرف سے کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ جمعرات کو سنایا گیا۔ فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ عطاءالحق قاسمی کو تنخواہ اور مراعات کی مد میں دی گئی 19 کروڑ 78 لاکھ روپے کی رقم سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سابق پرنسپل سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر فواد حسن فواد سے وصول کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ قانون کے مطابق ایم ڈی کی تقرری مستقل بنیادوں پر کی جائے۔