ایبٹ آباد۔ 23 دسمبر (اے پی پی):ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام سپورٹس گالا فیسٹیول کے سلسلہ میں کرکٹ میچ میں اے یو جے فائٹر نے اے یو جے گرین کو سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 23 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ میچ کے مہمان خصوصی حویلیاں کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت جمعیت علماءاسلام کے رہنما سابق امیدوار قومی اسمبلی سردار ابرار تھے جن کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو سپورٹس کٹس میں دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، یہ وہ طبقہ ہے جس نے ہمیشہ دوسروں کیلئے اور معاشرہ کی اصلاح کیلئے کام کیا، آج کھیلوں کے فروغ کیلئے عملی طور پر بھی یہ لوگ میدان میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپورٹس گالا کی بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں مختلف ایونٹ رکھے گئے ہیں ، جہاں گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں، نوجوان نسل کیلئے کھیل روزمرہ زندگی کے دیگر امور کے ساتھ ضروری ہے۔ قبل ازیں اے یو جے فائٹر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوور میں 94 رنز کا اے یو جے گرین کو ٹارگٹ دیا جس کے جواب میں اے یو جے گرین مطلوبہ ہدف پورا نہ کر سکی۔ اے یو جے فائٹر کی جانب سے سردار توقیر نے 8 چھکوں کی مدد سے 55 رنز کی شاندار انگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں طاہر محمود، واسع خان، اقبال ساغر اور کمال شاہ نے بھی بہترین بیٹنگ کی۔ اے یو جے فائٹر کی کپتانی ندیم جدون نے جبکہ اے یو جے گرین کی کپتانی زبیر اعوان کر رہے تھے۔