سپین کے سائیکل سوارایوان رومیو نے کرائیٹیرم ڈو ڈافین سائیکل ریس کا تیسرا مرحلہ جیت لیا

20
cycle race
cycle race

پیرس۔11جون (اے پی پی):سپین کے سائیکلسٹ ایوان رومیو نے کرائیٹیرم ڈو ڈافین سائیکل ریس کا تیسرا مرحلہ جیت لیا۔ 21 سالہ ایوان رومیو کی یہ کرائیٹیرم ڈو ڈافین ریس میں پہلی سٹیج فتح ہے۔ کرائیٹیرم ڈو ڈافین کا 77 واں ایڈیشن شروع ہوچکا ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ کرائیٹیرم ڈو ڈافین سائیکل ریس کے تیسرے مرحلے میں سائیکل سواروں نے بووڈ سے چرنٹونائے تک کا فاصلہ طے کرنا تھا جو پہاڑی راستے پر 207.2 کلو میٹر پر محیط تھا۔

21 سالہ ایوان رومیو نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 207.2کلومیٹر کا فاصلہ 4گھنٹے 34 منٹ اور 10 سیکنڈز میں طے کرکے تیسرے مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 28 سالہ کولمبیا کے سائیکل سوار ہیرالڈ تیجاڈانے دوسری جبکہ میزبان فرانسیسی 25 سالہ سائیکل سوار لوئس بیری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریس میں اٹلی کے سائیکلسٹ جوناتھن میلان نے دوسرا مرحلہ جیتنے کے ساتھ یلو جرسی پر قبضہ حاصل کرلیا ہے۔

انہوں نے یلو جرسی سلووینیا کے سائیکلسٹ تڈیج پوگاکر سے حاصل کی ہے۔ کرائیٹیرم ڈو ڈافین ایک سٹیج سائیکلنگ ریس ہے جو 8 مراحل پر مشتمل ہے جس میں سائیکل سوار 1199.6 کلو میٹر کا سفر طے کرینگے۔ کرائیٹیرم ڈو ڈافین سائیکل ریس 15 جون کو اختتام پذیر ہوگی۔