سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا شب برات کے موقع پر اظہار خیال

63

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ شب برات ہمیں اللہ سے رزق میں کشادگی اچھی صحت، مشکلات سے پناہ مانگنے اور اپنی دعائیں قبولیتِ کا بھرپور موقع فراہم کرتی ہے، پوری قوم اس موقع پر ملک کی سالمیت، استحکام اور کورونا وائرس سے چھٹکارے کے لیے دعا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شب برات کے بابرکت موقع پر کیا جو پیر اور منگل کی درمیانی شب 15 شعبان المعظم کو نہایت عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسوہ رسول خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسلم امہ کو آپس میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کرکے امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے پر زور دیا۔سپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت کورونا وباءا سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے پوری قوم سے اس بابرکت رات میں کورونا وباء کے خاتمے کے لیے خاص دعاؤں کی اپیل کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس با برکت رات میں دعاؤں کی وجہ سے ہم بہت جلد اس وباء پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رات ہمیں اللہ تعالیٰ کے سامنے رجوع کرکے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ شب برات کی رات اللہ سے رحمت اور اپنے گناہوں کی معافی طلب کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس رات کو اللہ سے اپنے بہترین مستقبل اور مغفرت طلب کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اللہ پاک کے خاص کرم سے ملک سے کوونا وباء کا جلد خاتمہ ہوگا اور اس بابرکت رات میں مانگی جانے والی دعاؤں کی وجہ سے زندگی پھر سے معمول کی جانب گامزن ہوجائے گی۔