سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے معاملے کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کے لئے حکومتی اور اپوزیشن رہنماﺅں سے رابطوں کاآغازکر دیا

67

اسلام آباد ۔29 نومبر(اے پی پی)حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے معاملے پر تنازعہ برقرار ہے تاہم سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس مسئلہ کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کے لئے حکومتی اور اپوزیشن رہنماﺅں سے رابطوں کاآغازکر دیا گیا ہے ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن تک پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی سمیت دیگر قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تنازعے کا قابل عمل حل نکالنے کے لئے سپیکر قومی اسمبلی نے اہم حکومتی رہنماﺅں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے اکابرین کے ساتھ بھی مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ معاملہ قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن تک خوش اسلوبی سے حل کر لیاجائے گا۔ واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو پی اے سی کے چیئرمین بنانے سے گریز کیا جا رہا ہے جبکہ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ گزشتہ دو ادوار سے پی اے سی کا چیئرمین اپوزیشن لیڈر کوبنانے کی روایت برقرار رہنی چاہیے۔ اسی تنازعے کی وجہ قومی اسمبلی کی 29 قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل بھی التواءکا شکار ہے۔ قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط کے قاعدہ 200 کے تحت وزیراعظم کے حلف اٹھانے کے 30 دن کے اندر اندر قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کامرحلہ مکمل کرنا ضروری ہوتا ہے۔