سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

70

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی افواج میں ہوتا ہے اور ہماری فضائیہ نے ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کےلئے ہمیشہ قابل تحسین کردار ادا کیا ہے، راشد منہاس شہید اور ایم ایم عالم جیسے جری سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہونے والی ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں ملکی دفاع میں پاک فضائیہ کے کردار، پیشہ وارانہ مہارت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے اور دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں پاک فوج اور قوم نے مل کر ملک دشمنوں کو شکست دی ہے اور اس جنگ میں پاک فضائیہ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخرہے اور ہماری ایئر فورس دشمن کے ہر حربے سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرحدیںمحفوظ ہیں اور ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی کے خلا ف جارحانہ عزائم نہیں ر کھتا تاہم ملکی دفاع و سلامتی کی خاطر دفاعی صلاحیت کا ہونا اس کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت جن چلینجوں کا سامنا ہے ان کے خاتمہ اور ملکی تعمیر و ترقی کےلئے سب اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔