سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی نجی ٹی وی سے گفتگو

85

اسلام آباد ۔ 31 مارچ (اے پی پی) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم نے ایک خصوصی کمیٹی بنائی تاکہ پتہ چل سکے کہ پاکستان میں کاشتکار کو اتنی مار کیوں پڑ رہی ہے، کاشتکاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک خصوصی کمیٹی بنائی ہے تاکہ پتہ چل سکے کہ پاکستان میں کاشتکار کو اتنی مار کیوں پڑ رہی ہے، ہم نے اس کمیٹی میں کاشتکاروں کے حقوق کو مرتب کرنا ہے کہ وہ طبقہ جو کاشتکاری سے تعلق رکھتا ہے، ہم اس کی کیا مدد کرسکتے ہیں، کوشش ہے کہ ہم اپنے کاشتکاروں کی مدد کریں اور انہیں سہولیات فراہم کریں۔ سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کاشتکار کے حقوق کے خلاف اب کوئی کام نہیں کیا جائے گا، کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر طبقے سے ان پٹ لی جائے گی اور پھر کاشتکار کے پاس جائیں گے اورکاشتکاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی کیونکہ ملک کا کسان خوشحال ہو گا تو ملک میں بھی خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت میں ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے اور ہم ہر وہ اقدام اٹھائیں گے جس میں ملک و قوم کی بہتری ہو گی۔