
اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرسے وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے جمعہ کو سپیکر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاق اور صوبوں کے مابین رابطوں سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتِحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی اور رابطوں کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے چھوٹے صوبوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور ان کے احساسِ محرومی کے خاتمہ کیلئے وفاق کو کردار ادا کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ احساس محرومی کے خاتمہ سے چھوٹے صوبے ملک کی تعمیر و ترقی میں بہتر انداز میں کردار ادا کر سکیں گے۔ سپیکر نے عوام کو درپیش صحت کے مسائل کو حل کرنے، تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے، نوجوانوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے اور سیاحت کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا نے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی، بیروزگاری، ناخواندگی، پانی کی قلت اور کرپشن جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کیلئے قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ انہو ں نے کہا کہ مؤثر قانون سازی کیلئے ایوان کے ماحول کا پرامن ہونا ضروری ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ایوان میں موجود تمام پارلیمانی رہنماؤں کو کر دار ادا کر نا ہو گا۔ وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے احساس محرومی کو ختم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے وہ صوبائی حکومتوں سے رابطہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت، سیاحت، تعلیم اور کھیلوں کے فروغ میں موجودہ حکو مت ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور بہت جلد ان شعبوں میں مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ انہوں نے ایوان کی کارروائی کو پرامن ماحول میں چلانے کیلئے سپیکر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے سابقہ تجربات کی روشنی میں ہر ممکمن کردار ادا کرتی رہیں گی۔