سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی جانب سے سیکٹر آئی ٹن میں خود کش دھماکے کی مذمت

122

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےسیکٹر آئی ٹن ، اسلام آباد میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اورشہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات ملک دشمن عناصر کی کارروائی ہے،قانون نافذ کرنےوالے ادارے شر پسند عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات بلندی اور پسماندگان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعابھی کی ۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے بھی بم دھماکے کی مذمت کی اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ بھی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ڈپٹی سپیکر نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔