اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ اتحاد، حب الوطنی، قومی جذبے، خود آگاہی، علم اور جدوجہد کے جذبوں سے سرشار کوششوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کامیابی کی منازل طے کر سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل (بدھ کو ) منائے جانے والے یوم اقبال کی مناسبت سے جاری اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا ۔
سپیکر نے کہا کہ اقبال معاشرے اور افراد کو درپیش مسائل کو دیکھنے اور ان کے عملی حل تجویز کرنے کے بے مثال وژن کی وجہ سے حقیقی معنوں میں "مشرق کا ہیرو” تھے۔ یہ ان کی دور اندیشی تھی جس کی وجہ سے قائداعظم کی عظیم قیادت میں برصغیر کے مایوس مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کا قیام عمل میں آیا۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے قرآن پاک کی تعلیم کے مطابق اپنی روحانی اور مادی ضروریات کے درمیان توازن برقرار رکھیں۔ اقبال کی شاعری اور فلسفہ میں شہری کے کردار اور خاص طور پر نوجوانوں کی زندگی میں بڑے مقاصد کے حصول کے لیے انتھک اور مسلسل کوششیں کرنے کے بارے میں واضح ہے ۔
آج کا پاکستان بانیان کے رہنما اصولوں کے مطابق اس ملک کو پھلنے پھولنے اور ترقی کرنے کے لیے فکر و عمل میں اتحاد کا تقاضا کرتا ہے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال صرف قومی ہیرو ہی نہیں بلکہ آفاقی شخصیت تھے۔ ان کے فلسفے اور افکار کو پوری دنیا میں سراہا جاتا ہے۔
ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کے نزدیک انتہا پسندی اور تعصب کی کوئی جگہ نہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ عوام اعتدال پسند، پرامن اور روشن خیال ہو۔ اقبال کے وژن پر عمل کرتے ہوئے پارلیمنٹ اور حکومت ترقی پسند، خوشحال اور مستحکم پاکستان کے لیے کام کر رہی ہے۔