اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف لاہور ہائی کورٹ کےحکم کے مطابق نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد حمزہ شہباز شریف سے حلف لینے لاہور پہنچے ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر صوبائی انتظامیہ کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد حمزہ شہباز شریف سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔تقریب حلف برداری میں اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
تقریب حلف برداری کے بعد اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ واپسی سے قبل راجہ پرویز اشرف نے حضرت داتا گنج بخش رحمۃ علیہ کے دربار پر حاضری دی فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی لئے خصوصی دعا مانگی۔