سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا فلسطین کے اعلان آزادی کے 35 سال مکمل ہونے پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

145
Speaker National Assembly
Speaker National Assembly

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے فلسطین کے اعلان آزادی کے 35 سال مکمل ہونے پر فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطینی قیادت اور عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے نامور فلسطینی رہنما مرحوم یاسرعرفات کی فلسطین کی آزادی کے لئے جدوجہد اور قربانیوں پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم یاسر عرفات آہنی اعصاب کی حامل شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے فلسطین کی آزادی کیلئے طویل جنگ لڑی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم یاسر عرفات کی فلسطین کی آزادی کیلئے جدو جہد اور قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے فلسطین کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے امت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور علامہ اقبالؒ کے’’ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئے“ کےپیغام پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں سفاکیت اور ظلم و بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 38 دنوں سے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اسرائیل سنگین جنگی جرائم، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بمباری کے نتیجہ میں ہزاروں معصوم فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں جن میں 4 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں پانی، بجلی، ادویات، ایندھن اور خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے انسانی بحران جنم لے رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال اور سکول بھی اسرائیلی بربریت سے محفوظ نہیں اور اب تک ہسپتالوں پر 30 سے زائد حملے ہو چکے ہیں اور ہسپتالوں میں ادویات اور ایندھن نہ ہونے کی وجہ زخمی اور مریض دم توڑ رہے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال نہ صرف مسلم امہ بلکہ دنیا بھر کی مہذب اقوام کیلئے باعث تشویش ہے اور عالمی برادری کے ضمیر کا امتحان ہے۔انہوں نے عالمی برادری کو فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لینے اورفوری جنگ بندی کےلئے کردار ادا کرنے کا کہا۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہمارا اخوت اور اسلامی بھائی چارے کا اٹوٹ رشتہ ہے جس میں دنیا کی کوئی طاقت دراڑ نہیں ڈال سکتی۔ انہوں نے فلسطین میں اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام اس مشکل وقت میں اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے فلسطین کو 1967 سے پہلے والی سرحدوں کے مطابق آزاد ریاست کے قیام اور یروشلم کو اس کا دارالحکومت قرار دینےکے پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فلسطین میں امن خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی ہی صرف اس مسئلہ کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم وستم اور جبر کے ذریعے نہ ہی کسی قوم کو غلام بنایا جاسکتا ہے اور نہ ہی کسی سرزمین پر غاصبانہ قبضہ کیا جاسکتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فلسطینی ایک بہادر اور ثابت قدم قوم ہے اور اس نے ہمیشہ ہر مشکل کا مقابلہ جرأت اور مستقل مزاجی کے ساتھ کیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے معصوم اور بے گناہ فلسطینیوں کے لئے مدد کی دعا کی۔